اہم نکات:
– سعودی عرب مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں زبردست سرمایہ کاری کر رہا ہے۔
– لیپ 2025 میں تقریباً 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے۔
– یہ گزشتہ برسوں کی کامیابیوں کا تسلسل ہے، جن میں سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
– یہ کانفرنس ڈیجیٹل معیشت میں ایک اہم مقام حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کو ظاہر کرتی ہے۔
سعودی عرب کے شہر ریاض میں لیپ (LEAP) ٹیک کانفرنس کا چوتھا ایڈیشن 9/ فروری 2025 (9 فروری تا 12 فروری 2025) بروز اتوار شروع ہوا۔ کانفرنس کے پہلے ہی دن 14.9 بلین ڈالر سے زائد کی نمایاں سرمایہ کاری اور اسٹریٹجک شراکت داریاں دیکھنے میں آئیں۔ ان سرمایہ کاریوں کی توجہ بنیادی ڈھانچے اور مصنوعی ذہانت پر مرکوز رہی۔
لیپ 2025 سعودی عرب کے تکنیکی انقلاب کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ کانفرنس دنیا بھر کے تکنیکی ماہرین، اختراع کاروں اور کاروباری شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر لاتی ہے تاکہ وہ جدید ترین تکنیکی ترقیوں پر تبادلہ خیال کر سکیں۔ اس سال کی کانفرنس میں مصنوعی ذہانت پر خصوصی توجہ دی گئی، جو کہ سعودی عرب کے اقتصادی تنوع کے منصوبے "ویژن 2030” کا ایک اہم حصہ ہے۔
سعودی وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اپنی ویب سائٹ پر ایک پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ لیپ 2025 کے پہلے دن ہی شاندار لانچوں، سرمایہ کاریوں اور اسٹریٹجک شراکت داریوں کا مشاہدہ کیا گیا جو مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجیز اور عالمی ڈیجیٹل معیشت میں مملکت کی قیادت کو مزید تقویت بخشتے ہیں۔
وزارت کے مطابق، سعودی عرب نے لیپ 2025 ٹیکنالوجی کانفرنس کے پہلے دن ہی مصنوعی ذہانت میں 14.9 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کی۔
اس میں بنیادی ڈھانچے اور مصنوعی ذہانت میں 10.9 بلین ڈالر سے زیادہ کی معیاری سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ سعودی سٹارٹ اپس کے لیے فنڈنگ راؤنڈز بھی شامل ہیں۔
LEAP کے گزشتہ ایڈیشنز میں سرمایہ کاریاں
وزارت کی ویب سائٹ کے مطابق، لیپ کانفرنس کے پچھلے تین ایڈیشنز میں نئی لانچوں اور سرمایہ کاری کی کل مالیت 29.3 بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔
اس ویب سائٹ کے مطابق، گزشتہ ایڈیشن (2024) میں نئی لانچوں اور سرمایہ کاری کی مالیت 13.4 بلین ڈالر تھی۔
سعودی وزارت کے مطابق، کانفرنس کا چوتھا ایڈیشن اتوار کے روز ریاض کے شمال میں واقع ملہم علاقے میں "نئے افق کی جانب” کے موضوع کے تحت شروع ہوا۔
کانفرنس 9 سے 12 فروری تک جاری رہی اور اس میں ایک ہزار سے زائد بین الاقوامی مقررین اور ٹیکنالوجی کے ماہرین، 1,800 نمائشی ادارے اور تقریبا 680 سٹارٹ اپس نے اپنی شرکت درج کرائی۔
(مصدر: عربی اخبارات)
احمد صہیب ندوی
الامام گزٹ
نئی دہلی – بھارت
Email: info@al-emam.org
Al-Emam Al-Nadwi Education & Awakening Center